کولکا تہ، یکم اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )سی پی ایم نے سرحد پار دہشت گردی کو ختم کرنے اور پاکستان کے ساتھ کشیدگی میں کمی لانے کے لیے سفارتی اور سیاسی قدم اٹھانے کی آج مرکز سے درخواست کی اور امید ظاہر کی کہ مستقبل قریب میں دونوں ممالک کے درمیان ٹکراؤ میں مزید اضافہ نہیں ہو گا۔پارٹی کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے سرحد پار دہشت گردی سے لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی بھی مرکز سے اپیل کی ۔انہوں نے یہاں نامہ نگاروں سے کہاکہ ہم ہندوستانی فوج کے آپریشن پر نظر رکھ رہے ہیں۔ہمیں امید ہے کہ اب پٹھان کوٹ میں جو ہوا اور حال میں اڑ ی میں ہوا، اس طرح کے واقعات دوبارہ نہیں ہوں گے، ہم محسوس کرتے ہیں کہ حکومت کو سرحد پار دہشت گردی سے اپنے لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانا چاہیے ۔یچوری نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اب آگے ٹکراؤ میں مزید اضافہ نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہم سرحد پار دہشت گردی کو ختم کرنے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی اور سیاسی پہل جاری رکھنے کی مرکز سے درخواست کرتے ہیں۔یہ پوچھے جانے پر سی پی ایم پاکستان کے ساتھ کیوں بات چیت کے حق میں ہے ، جبکہ ماضی میں ایسی کوششیں ناکام رہی ہیں، یچوری نے کہا کہ کچھ میڈیا گروپ ہیں جو سی پی ایم پر غداری کا الزام تھوپنا چاہتے ہیں۔انہوں نے سوال کیا کہ ملک کے مفاد میں کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہندوستان پاکستان مذاکرات اس حکومت کے اعلانیہ ایجنڈا میں ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ ملک کی خارجہ پالیسی میں امریکہ کی طرف جھکاؤ اسے امریکہ مخالف دہشت گرد گروپوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان جتنا امریکہ کے قریب ہو گا، امریکہ مخالف دہشت گرد گروپوں کے لیے یہ اتنا ہی نازک ہو گا ۔